لاہور(خالدمحمودخالد) افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کی پریس کانفرنس میں خواتین صحافیوں کو شرکت سے روک دیا گیا۔ جمعہ کے روز افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے نئی دہلی میں افغان سفارت خانے میں ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ افغانستان کے تعلقات پر بات کی۔ لیکن اس پریس کانفرنس کا سب سے متنازعہ پہلو یہ سامنے آیا کہ خواتین صحافیوں کو اسے کور کرنے کی اجازت نہ دی گئی۔ امیر خان متقی جو افغانستان میں طالبان کی حکومت کے قیام کے بعد پہلی بار اعلیٰ سطح مہمان کے طور پر بھارت پہنچے تھے ان کی پریس کانفرنس میں خواتین صحافیوں کی عدم شرکت نے ایک بار پھر بھارتی میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔ اہم بھارتی ٹی وی چینلز کی خاتون صحافیوں سمیت کئی غیرملکی خاتون رپورٹرز کو بھی داخلے سے روک دیا گیا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسے افغان طالبان کی مردہ پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا ہے جو اب صرف افغانستان تک محدود نہیں بلکہ سرحدوں سے باہر بھی نظر آ رہی ہے۔