کراچی (نیوز ڈیسک) افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کے دورہ نئی دہلی کے موقع پر بھارت نے کابل میں اپنا سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کردیا ہے ، بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر افغان ہم منصب سے ملاقات کے بعد جمعے کو اعلان کیا ہے کہ بھارت، کابل میں اپنے تکنیکی مشن کو اپ گریڈ کر کے اسے سفارتخانے میں تبدیل کرے گا۔ بھارتی اخبار نے جے شنکر کے حوالے سے لکھا کہ ‘آپ کا دورہ بھارت، افغانستان کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھانے میں ایک اہم پیش رفت ہے، افغانستان کے عوام کے خیر خواہ کی حیثیت سے بھارت آپ کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، آج میں اس دیرینہ شراکت داری کی توثیق کرتا ہوں جو افغانستان میں متعدد بھارتی منصوبوں کی مدد سے مضبوط بنیادوں پر قائم ہے‘۔امیر خان متقی کا یہ دورہ 2021میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی طالبان رہنما کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔دورہ بھارت کے دوران پریس کانفرنس کرتے ہوئے طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ ہم پاکستان حکومت کا یہ اقدام بڑی غلطی سمجھتے ہیں اور اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔