پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ غائب ہوگیا ہے ، تین دن گزرنے کے باوجود تحریری استعفیٰ گورنر خیبر پختونخوا کو نہ مل سکا بلکہ گورنر نے سوشل میڈیا پر زیر گردش استعفے پر اعتراضا لگا دئیے ہیںجس سے صوبہ میں آئینی بحران کا خطرہ پیدا ہوگیا ہےاور سرکاری امور متاثر ہورہے ہیں کیونکہ وزیر اعلیٰ کے استعفیٰ کے بعد صوبائی وزرا اور بیوروکریسی نے سرکاری امور پر دلچسپی چھوڑ دی ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے بانی تحریک انصاف عمران خان کے حکم پر صوبہ کی وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دیتے ہوئے 8اکتوبر کی رات اپنا تحریری استعفیٰ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ارسال کیا تھا تاہم تین دن گزرنے کے باوجود وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ گورنر تک نہیں پہنچ سکا ہے بلکہ وزیراعلیٰ کے استعفے کی گمشدگی ایک معمہ بن گیاہے، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ انہیں وزیراعلیٰ کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا۔