• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوبل امن انعام کی شفافیت پر سوال اٹھ گئے

کراچی (رفیق مانگٹ)نوبل امن انعام کی شفافیت پر سوال اٹھ گئے، نوبل امن انعام کے منتظمین وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا ماچاڈو کے حق میں بیٹنگ مارکیٹ پولی مارکیٹ پر اچانک اضافے کے بعد ممکنہ لیک کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ماچاڈو کو جمعہ کو 2025 کا نوبل امن انعام دیا گیا، لیکن اعلان سے چند گھنٹے قبل ان کے جیتنے کے امکانات 0.6 فیصد سے بڑھ کر 73.5 فیصد ہوگئے۔ ایک نئے صارف نے رات 12 بجے کے بعد ماچاڈو پر 1,500 ڈالر کی بیٹ لگائی، جو مشکوک سرگرمی کی نشاندہی کرتی ہے۔ نوبل انسٹی ٹیوٹ نے نارویجن میڈیا کی رپورٹس کی تصدیق کی کہ وہ اس معاملے کی چھان بین کر رہا ہے تاکہ انعام کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔فنانشل ٹائمز کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی پیش گوئی مارکیٹس میں سے ایک پولی مارکیٹ پر جمعہ کی رات اوسلو کے وقت کے مطابق نصف شب کے بعد تک ماچاڈو کی جیت کے امکانات صرف 3.7 فیصد تھے، مگر چند منٹوں میں یہ شرح بڑھ کر پہلے 31.5 فیصد اور پھر 73.5 فیصد تک پہنچ گئی۔یہ اضافہ اس وقت حیران کن سمجھا گیا کیونکہ نہ ماہرین اور نہ ہی میڈیا نے ماچاڈو کو انعام کے لیے فیورٹ قرار دیا تھا۔پولی مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، رات 12 بجے کے فوراً بعد ایک نئے صارف، جس کی شناخت 6741 کے نام سے ہوئی، نے ماچاڈو کے حق میں 1,500 ڈالر کی بیٹ لگائی، جبکہ فیورٹ سمجھے جانے والے سوڈان کے ایمرجنسی رسپانس رومز کے خلاف 1,085 ڈالر کی بیٹ لگائی۔یہ پلیٹ فارم کرپٹو کرنسی پر مبنی پیش گوئی مارکیٹ ہے جو بک میکر کے بجائے تاجروں کے رویے کی بنیاد پر نتائج کا اندازہ لگاتی ہے۔نوبل انسٹی ٹیوٹ نے نارویجن میڈیا رپورٹس کی تصدیق کی ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔پانچ رکنی کمیٹی جس میں ایک انسانی حقوق کے وکیل، خارجہ پالیسی کے ماہر، اور ناروے کے تین سابق وزراء شامل ہیں نے پیر کے روز حتمی فیصلہ کیا تھا، جبکہ جمعہ کو اعلان سے صرف چند منٹ قبل ماچاڈو کو باضابطہ اطلاع دی گئی۔ماہرین کی رائے کے مطابق، انعام کے لیے سوڈان کے ایمرجنسی رسپانس رومز یا اقوام متحدہ کے ادارے زیادہ مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو بیٹنگ مارکیٹس میں خود کو ممکنہ امیدوار کے طور پر پیش کر رہے تھے، جمعرات کی شام تک صرف 4.4فیصد امکانات کے ساتھ موجود تھے، جبکہ یولیا ناوالنایا روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی کی بیوہ — 9 فیصد کے ساتھ سرفہرست تھیں۔اسی وقت ماچاڈو کے امکانات محض 0.6 فیصد تھے۔
اہم خبریں سے مزید