اسلام آباد (اسرار خان)سعودی سرمایہ کاری؛ پرنس منصور بن سعود K-Electric میں اکثریتی حصے کے مالک بن گئے، شہریار چشتی کی کے الیکٹرک کی 66.4 فیصد ملکیت رکھنے والی KESP کے 53.8 فیصد حصص کی فروخت کی تصدیق ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے توانائی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستانی کاروباری شخصیت شہریار چشتی، جو ایشیا پیک انوسٹمنٹس کے چیئرمین ہیں، نے جمعہ کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کے-الیکٹرک کی ملکیتی کمپنی کے ای ایس پاور لمیٹڈ کے 53.8 فیصد حصص سعودی سرمایہ کار پرنس منصور بن سعود کو فروخت کر دیے گئے ہیں۔ کے ای ایس پی ،کے-الیکٹرک کی 66.4 فیصد ملکیت رکھتی ہے۔یہ معاہدہ پاکستان کی سب سے بڑی بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کی ملکیت کے حوالے سے کئی سالوں سے جاری تنازعے کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ جب دی نیوز نے چشتی سے پوچھا کہ کیا سعودی عرب کے ساتھ آج کی یادداشت مفاہمت (ایم او یو) کا مطلب یہ ہے کہ وہ کے ای ایس پی میں اپنا حصہ فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تو انہوں نے جواب دیا، ’’جی ہاں، ہم اپنے تمام حصص پرنس منصور کو بیچ رہے ہیں،‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ لین دین کے ای ایس پی کے 53.8 فیصد حصص پر مشتمل ہے، جو کہ کے-الیکٹرک کی 66.4 فیصد ملکیت رکھتی ہے۔ دستخط کرنے کی تقریب کراچی میں وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں اعلیٰ سعودی اور پاکستانی حکام نے شرکت کی۔ یہ معاہدہ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری مہم میں ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے،اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ معاہدہ کراچی کے بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے نظام میں نئی غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرے گا۔