کراچی (ٹی وی رپورٹ)ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر قومی سلامتی امو ر سید محمد علی نے کہا کہ پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے پشاور میں واضح پیغام دیا گیا ہے،بیڈ گورننس کی قیمت پاک فوج اور معصوم شہری اپنے خون سے ادا کر رہے ہیں،دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر ریٹائرڈ راشد ولی نے کہا کہ پیغام بالکل واضح ہے کہ پانی سر سے اوپر ہوچکا ہے۔ اگر کسی کو سیاسی ناراضگیاں ہیں اسے گورننس کے ڈومین میں نہیں لانا چاہئے ۔ ماہر قومی سلامتی امو ر سید محمد علی نے کہا کہ آج بہت واضح پیغام پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے پشاور میں دیا گیا ہے پیغام کا موضوع اور متن اور جس مقام پر پیغام دیا گیا ہے یہ بالکل واضح پیغام ہے بھارت اور افغانستان کے لیے اور ان تمام سیاسی اور سماجی عناصر کے لیے جو کسی بھی طرح سے دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے کھل کر پاک فوج اور ریاست کے ساتھ نہیں ہیں یا ان کی سہولت کاری کر رہے ہیں یا ان کے لیے ہمدری یا بیانیہ مرتب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔