• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سماجی بہبود سال دوئم کی طالبہ جامعہ کراچی میں پوائنٹ بس سے گرکر جاں بحق

کراچی( سید محمد عسکری) جامعہ کراچی میں سماجی بہبود سال دوئم کی طالبہ انیقہ سعید کو شعبہ ریاضیات کے سامنے پوائنٹ سے گر کر جاں بحق ہوگئی۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غلطی سے پیش آیا جب طالبہ اتر رہی تھی اپنے شعبہ جانے کے لئے تو ڈرایئور نے اچانک بس چلادی جس سے وہ گر کر بس کے ٹائروں کے نیچے آگئی۔ بس کنڈیکٹر کے بغیر چل رہی تھی ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے اور ایک چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کی سربراہی صدر شعبہ جرمیات، پروفیسر ڈاکٹر ناعمہ سعید کو سونپی گئی ہے، جبکہ دیگر اراکین میں جامعہ این ای ڈی کے ٹرانسپورٹ انچارج اور شعبہ سماجی بہبود کے دو طلبہ شامل ہیں۔ کمیٹی حادثے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اپنی رپورٹ وائس چانسلر کو پیش کرے گی، جس کی روشنی میں آئندہ ایسے ناگہانی واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے متاثرہ خاندان کے گھر جا کر تعزیت کی اور جامعہ کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ جامعہ کراچی اس دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور طالبہ کی ناگہانی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتی ہے۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو معطل کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ جامعہ کراچی کے پاس 1980تا 2000 ماڈل کی بسیں جن کے دروازے چلنے کے دوران بھی کھلے رہتے ہیں 45ہزار طلبہ کیلئے صرف 25بسیں ہیں۔
اہم خبریں سے مزید