• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، جنگ بندی پر عملدرآمد شروع، اسرائیلی افواج کا نصف علاقے سے انخلا، شمالی علاقوں میں فلسطینیوں کی واپسی

کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے، معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت اسرائیلی افواج غزہ کے 53فیصد علاقے سے نکل گئیں ،غزہ کی پولیس نے ان علاقوں کا انتظام سنبھالنا شروع کردیا ہے ، شمالی غزہ سے بے دخل ہونے والے لاکھوں فلسطینیوں کی تباہ حال علاقے میں واپسی ،اسرائیلی کابینہ نے جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی جس کے بعد جمعہ کو علی الصبح جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ،حماس کو زندہ اور مردہ قیدی رہا کرنے کیلئے 72گھنٹوں کا وقت ،صدر ٹرمپ کل اسرائیل اور مصر جائیں گے ، قاہرہ میں غز ہ پر سربراہی اجلاس میں شرکت کرینگے، قیدیوں کی رہائی بھی متوقع،سربراہی اجلاس میں جرمنی، فرانس، برطانیہ، اٹلی، قطر، امارات ، اردن، ترکیہ، سعودیہ ، پاکستان اور انڈونیشیا شریک ہونگے۔تفصیلات کے مطابق غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت قیدیوں کا تبادلہ پیر کو متوقع ہے ، حماس کوزندہ اور مردہ اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرنے کیلئے 72گھنٹوں کو وقت دیا گیا ہے ،جنگ بندی سے قبل گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فورسز کے غزہ پر حملوں میں 17فلسطینی شہید اور 71زخمی ہوئے ہیں جبکہ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس کے ایک اسنائپر حملے میں اس کا ایک فوجی مارا گیا ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پیر کے روز مشرق وسطیٰ کے دورے کے سلسلے میں مقبوضہ بیت المقدس پہنچیں گے ، ٹرمپ مصر کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ غزہ سے متعلق علاقائی رہنمائوں کے اجلاس میں شرکت کریں گے ،ذرائع کے مطابق، یہ سربراہی اجلاس مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید