• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی: ڈاکٹر عبدالقدیر کی چوتھی برسی، محسن پاکستان کی یاد میں تقریب

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے معروف ایٹمی سائنس دان و محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے عظیم محسنِ ملت کو ہم وہ مقام نہ دے سکے جس کے وہ بجا طور پر مستحق تھے۔ ہمارے ہمسایہ ملک بھارت نے اپنے ایٹمی سائنس دان کو نہ صرف قومی ہیرو تسلیم کیا بلکہ انہیں ملک کا صدر بھی منتخب کیا، جبکہ بدقسمتی سے ہم اپنے ہیرو کو وہ مرتبہ نہ دے سکے جو ان کا حق تھا۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نہ صرف پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بانی اور ایک عظیم سائنس دان تھے بلکہ وہ ایک نہایت بااخلاق، شفیق اور درد مند انسان بھی تھے۔ اُن کی زندگی کا مشن پاکستان میں تعلیم اور تحقیق کا فروغ تھا، اور اسی مقصد کے پیشِ نظر انہوں نے متعدد تعلیمی و تحقیقی ادارے قائم کیے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی چوتھی برسی کے موقع پران کی یادمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام انسٹی ٹیوٹ ہذاکی سماعت گاہ میں کیا گیا۔ ڈاکٹر خالدعراقی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان اس حقیقت سے بخوبی آگاہ تھے کہ پاکستان کی ترقی اور اقوامِ عالم میں باوقار مقام حاصل کرنے کا واحد راستہ معیاری تعلیم ہے۔
اہم خبریں سے مزید