بال جھڑ یا گنج پن سے متاثرہ افراد صدمے اور ذہنی دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں اور اس کے علاج کے لیے اپنی دولت خرچ کردیتے ہیں لیکن پھر بھی اس کا 100 فیصد موثر علاج میسر نہیں آتا۔
اب سائنسدانوں نے اس کا حل ڈھونڈ لیا ہے، نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک پودے کے ذریعے گنج پن سے تحفظ دینا ممکن ہوسکتا ہے۔
جرنل ایڈوانسڈ ہیلتھ کیئر میٹریلز میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ سٹیویا یا میٹھی تلسی نامی پودے میں موجود مرکبات گنج پن سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
اس تحقیق میں مردوں میں پائے جانے والے گنج پن کے عام مرض الوپ پیشیا کے شکار چوہوں میں تجربات کیے گئے۔
تحقیق کے دوران ایک دوا Minoxidil Topical اور سٹیویا میں موجود سٹیوسائیڈ نامی مرکب پر مبنی ایک پٹی کا استعمال چوہوں پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں چوہوں میں بالوں کی جڑیں مکمل طور پر دوبارہ متحرک ہوگئیں اور بالوں کے اگنے کا عمل شروع ہوگیا۔
سڈنی یونیورسٹی کی تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ اس مرکب کے استعمال Minoxidil Topical کی افادیت میں اضافہ ہوگیا اور یہ گنج پن کے مؤثر اور قدرتی علاج کی جانب حوصلہ افزا قدم ہے اور اس سے دنیا بھر میں الوپ پیشیا کا شکار کروڑوں افراد کو فائدہ ہوگا۔