وزیرِ مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ جتنے مرضی وزرائے اعلیٰ بدلیں، دہشت گردی کے خلاف آپریشن نہیں رکے گا۔
فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں نادرا دفتر کی افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کامیاب ہو رہا ہے، آج پاکستان کا ڈنکا پوری دنیا میں بج رہا ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف نے تب نام لیا جب لوگ اسرائیل کا نام لینے سے ڈرتے تھے، غزہ میں جشن ہوا، فلسطینیوں کو آزاد ریاست نظر آ رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کہتے ہیں کہ حکومت اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر چلتی ہے، یہ کیوں نہیں کہا جاتا کہ اسٹیبلشمنٹ حکومت کو سپورٹ کرتی ہے۔
وزیرِ مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ ریاست فیصلہ کر چکی ہے کہ اب کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، بندوق یا نعرے سے بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جنرل اور کرنل شہادتیں دے رہے ہیں، دنیا میں ایسی مثال نہیں ملتی، چند سو لوگ سڑکوں پر نکل آئے، اگر طاقت کا استعمال ہوا تو؟ ریاست کے خلاف ملک میں کہیں بھی سیاست کی اجازت نہیں ہو گی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ ریاست کو طیش دلانے کی کوشش کی گئی، ہمارے کئی لوگ زخمی ہوئے، عوام کو کارکردگی پر ووٹ دینا چاہیے، ہمارے کئی درجن لوگ زخمی ہوئے ہیں۔