• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این آئی سی وی ڈی ملازمین کیلئے میڈیکل ہیلتھ انشورنس پالیسی کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیےمیڈیکل ہیلتھ انشورنس پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ملازمین کے شوہر/بیویاں، بچے اور والدین بھی انشورنس پالیسی میں شامل ہوں گے، تاکہ این آئی سی وی ڈی کے تمام ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو مکمل طبی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔اس انشورنس پالیسی کے ذریعے این آئی سی وی ڈی کے ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ ملک بھر کے متعدد اسپتالوں اور طبی مراکز سے علاج کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ پالیسی میں داخلے، ایمرجنسی علاج، سرجری اور دیگر ضروری طبی خدمات شامل ہوں گی۔ اس موقع پر پروفیسر طاہر صغیر ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں ہمارا یقین ہے کہ ہمارے ملازمین کی صحت اور خوشحالی براہِ راست اس معیارِ خدمت سے جڑی ہے جو ہم اپنے مریضوں کو فراہم کرتے ہیں۔ یہ ہیلتھ انشورنس پالیسی اُن کی انتھک محنت، لگن اور جذبہِ خدمت کا اعتراف ہے۔ ہم پرعزم ہیں کہ ہمارے ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو وہی معیارِ نگہداشت اور تحفظ حاصل ہو جو وہ خود اپنے مریضوں کو فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام حکومتِ سندھ کے بھرپور تعاون سے ممکن ہوا، جو ہمیشہ این آئی سی وی ڈی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے تاکہ پاکستان کے عوام کو معیاری اور مفت امراضِ قلب کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ یہ تاریخی اقدام این آئی سی وی ڈی کے اُس وژن کو مزید مضبوط بناتا ہے جس کا مقصد ایک صحت مند، محفوظ اور باحوصلہ ورک فورس تیار کرنا ہے، جو دنیا کے سب سے بڑے اور کامیاب کارڈیک کیئر نیٹ ورکس میں سے ایک کی بنیاد ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید