کراچی(اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا سب سے زیادہ نظر انداز کیا جانے والا شہر ہے۔ 17سال سے مسلط پیپلز پارٹی کی حکومت اور ہر وفاقی حکومت نے بھی کراچی کو اس کا جائز حق نہیں دیا،عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،نہ پینے کا صاف پانی میسر ہے، نہ سڑکیں قابلِ استعمال ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ کا کوئی بہتر نظام موجود نہیں۔ قابض میئر کراچی نے تاحال شہر کو دعووں اور بیانات کے سوا کچھ نہیں دیا، شہر کی ابتر حالت اور عوامی مسائل کے باعث عوام شدید اذیت کا شکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ملیر کے تحت علی اکبر شاہ گوٹھ میں ”ممبرز کنونشن“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے امیر ضلع ملیر سید مفخر علی، سیکریٹری ضلع کامران نواز، ناظم علاقہ قاری ظفر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناء منعم ظفر خان جامعہ کراچی میں پوائنٹ کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والی طالبہ انیقہ سعید کے گھر گئے اور طالبہ کی والد احمد سعید و دیگر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت اور اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ملاقات میں امیر ضلع ایئرپورٹ محمد اشرف، جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق اور اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے ناظم کامران غنی بھی شامل تھے۔منعم ظفر خان نے ممبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملیر میں بنوقابل کا سینٹر قائم اور تھانہ کلچر کے خلاف بھرپور عوامی مہم شروع کرے گی تاکہ پولیس اسٹیشن عوامی خدمت کے مراکز بنیں، خوف و کرپشن کے اڈے نہیں۔ ہم ضلع ملیر سمیت تمام پسماندہ آبادیوں کے حقیقی ترجمان ہیں، ان کے حقوق کی لڑائی ہم نے پہلے بھی لڑی ہے اور آئندہ بھی لڑتے رہیں گے۔ منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ سمندر کے کنارے رہنے والے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔