کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پولیو مہم، سندھ میں 13 سے 19 اکتوبر تک ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیرِ صدارت پولیو مہم سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر کراچی، سیکریٹری صحت، ای او سی کوآرڈینیٹر، نمائندہ گیٹس فائونڈیشن، سمیت تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایچ اوز اور اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں صوبے میں پولیو وائرس کی موجودہ صورتحال، انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ سندھ میں 13 سے 19 اکتوبر تک نیشنل امیونائزیشن ڈیز (NIDs) منعقد کیے جائیں گی، جس کے دوران 10.6 ملین پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے اور وٹامن اے پلائے جائیں گے۔