• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناظم آباد میں پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر )سندھ رینجرز اور واٹر کارپوریشن کی مشترکہ کارروائی کے دوران ناظم آباد کے علاقے میں پانی چوری کا ایک بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا۔ حکام کے مطابق ناظم آباد کے علاقے میں سیف اللہ بنگش ہوٹل کے قریب خفیہ سرنگوں کے ذریعے آٹھ غیر قانونی کنکشنز نصب کئے گئے تھے جن کے ذریعے روزانہ تقریباً تیس لاکھ گیلن پانی چوری کیا جا رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ تین ماہ قبل بھی اسی مقام پر غیر قانونی کنکشن پکڑے گئے تھے مگر بعد ازاں پانی چوری دوبارہ شروع کر دی گئی۔کارروائی کی نگرانی میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خود کی اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر واٹر کارپوریشن انجینئر اسد اللہ خان بھی موجود تھے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے خلاف مقدمات عدالتوں اور ٹریبونلز میں چلائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ رینجرز اور واٹر کارپوریشن کے اہلکاروں نے ایک انتہائی خطرناک اور پیچیدہ کارروائی کو بہادری سے انجام دیا جس پر وہ ان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید