کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں پتھارے ختم ہونا چاہئیں، سڑک اور فٹ پاتھ عوام کے لیے بنائے گئے ہیں نہ کہ تجاوزات کے لیے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی پارکنگ کے پیسے نہیں لے رہی بلکہ ٹاؤن انتظامیہ وصول کر رہی ہے،گزشتہ دو برسوں میں سخت فیصلے کیے گئے جن کے مثبت نتائج اب سامنے آ رہے ہیں ،ہم نے باوضو اور باکردار لوگوں کو بتایا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے کیسے خدمت کی جاتی ہے، منافقوں کو اچھا نہیں لگتا کہ شہر میں امید پیدا ہو رہی ہے مگر ہم عوامی تعاون سے یہ سفر جاری رکھیں گے،یہ بات انہوں نے ضلع وسطی کی یونین کونسل نمبر 7 اور 8 کی اندرونی گلیوں کے تعمیر کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، سٹی کونسل کے ارکان اور ضلعی افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 16 کروڑ 1 لاکھ 36 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، سڑک کی تعمیر کے لیے 50,000 مکعب فٹ میٹریل استعمال کیا جائے گا، سڑک کی استر کاری کے لیے 1,65,000 مربع فٹ رقبہ مختص کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی میں بلا تفریق ترقیاتی کام کر رہی ہے، عوام کی سہولت اور شہر کی خوبصورتی کے لیے جو وعدے کیے تھے، وہ اب پورے ہو رہے ہیں۔