بیجنگ/ہانگ کانگ (جنگ نیوز) چین نے امریکہ پر تجارتی کشیدگی بڑھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے نایاب معدنیات پر پابندیوں کا دفاع کیا، بیجنگ کا کہنا تھا ٹرمپ کے نایاب معدنیات سے متعلق بیانات دہرا معیار، امریکا تجارتی مذاکرات کی روح کی خلاف ورزی کی۔ چین نے فی الحال جوابی ٹیرف عائد نہ کرنیکا فیصلہ کیا ہے اور عام استعمال کیلئے نایاب معدنیات کی برآمد پر آسان لائسنس دینے کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ تجارتی اقدامات کو "منافقت پر مبنی" قرار دیتے ہوئے نایاب معدنیات اور ان سے متعلق آلات کی برآمد پر اپنی پابندیوں کا دفاع کیا ہے، تاہم امریکہ کی درآمدات پر فوری طور پر کوئی نیا محصول نہیں لگایا۔ ٹرمپ نے حال ہی میں چینی مصنوعات پر 100 فیصد اضافی محصولات عائد کیے اور نومبر سے حساس سافٹ ویئر کی برآمد پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا۔ اس اقدام سے عالمی منڈیوں میں ہلچل مچ گئی اور امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص گر گئے۔