کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کراچی کے تاجر و صنعت کار برادری کو بھتے کی پرچیاں ملنے پر ایم کیو ایم برہم۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے کراچی کے تاجر و صنعت کار برادری کو بھتے کی پرچیاں ملنے کو سندھ حکومت کے سترہ سالوں کی گورننس کے منہ پر طمانچے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اربوں روپے محصول اور کھربوں روپے سرکاری سرپرستی میں چلنے والے کارِ خیر سسٹم کی مد میں دینے کے باوجود شہر لاقانونیت کے شکنجے میں ہے جِس پر صوبائی وزراء و مشیران کی فوج ظفر موج اور دو درجن ترجمان سب اچھاہے کا راگ الاپ رہے ہوتے ہیں، اِن واقعات کے بعد دن رات ایم کیو ایم پر بھتے کے الزامات لگانے والی تمام جماعتوں کی زبانوں پر بھی آبلے پڑ گئے ہیں جو سہولت کاری اور منافقت کے زمرے میں آتا ہے۔