اسلام آباد(کامرس رپورٹر) ایف بی آر نے ریجنل ٹیکس آفس پشاور کے دو اہلکاروں کی بزدلانہ حملہ میں شہادت کے المناک واقعے کی شدید مذ مت کی ہے، ریجنل ٹیکس آفس پشاور کے دو اہلکار سپاہی مقدر علی اور سپاہی نذر محمد نے جام شہادت نوش کیا۔ یہ افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ دونوں اہلکار سیلز ٹیکس ایکٹ، 1990 کی دفعہ D 40 کے تحت کوہاٹ ٹول پلازہ کے نزدیک قائم چیک پوسٹ پر اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے ۔پشاور میں ایف بی آر کی سینئر قیادت چیف کمشنر پشاور اوردیگر اعلی ٰ افسران نے شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ایف بی آر کی قیادت نے شہدا کے اہل خانہ کو حکومت کی پالیسی کے مطابق ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ بورڈ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ تمام مالی اور دیگر سہولیات بغیر کسی تاخیر کے ان خاندانوں تک پہنچائی جائیں ۔ سپاہی مقدر علی اور سپاہی نذر محمد کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔