پشاور (امجد صافی) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کیلئے دائر درخواست پر گورنر خیبر پختونخوا کو آج شام چار بجے تک وزیراعلیٰ سے حلف لینے کی ہدایت کردی، انہوں نے قرار دیا کہ اگر گورنر وزیراعلیٰ سے حلف نہیں لیتے تو پھر اسپیکر خیبر پختونخوا بابر سلیم سواتی نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں، چیف جسٹس عتیق شاہ نے ایڈوکیٹ جنرل سے کہا کہ گورنر کیلئے طیارے کا بندوبست کریں، جس پر ایڈوکیٹ جنرل شاہ فیصل نے کہا صوبے میں کوئی وزیر اعلیٰ نہیں ، کس سے کہیں، گورنر کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ وزیراعلی ٰکا استعفیٰ ابھی تک گورنر نے منظور نہیں کیا،آئین کے مطابق ایک وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ منظور ہوگا تو پھر دوسرے وزیراعلی ٰکا انتخاب ہوگا، اسپیکر کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا علی امین گنڈاپور اسمبلی فلور پر استعفیٰ دے چکے،نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہو تو حلف لینا لازمی ہے۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کیلئے دائر درخواست پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کی۔ سماعت شروع کے دوران اسپیکر کے وکیل سلمان اکرم راجہ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ، گورنر کے وکیل عامر جاوید عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست پر سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ سے استفسار کیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل گورنر نے کیا کہا؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کوبتایا کہ گورنر کو عدالت کا پیغام پہنچایا، وہ کراچی میں ہیں اور کراچی سے ایک فلائٹ پشاور آتی ہے، 15 اکتوبر بروز بدھ ایک بجے فلائٹ ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا ٍگورنر کے پاس پرائیوٹ جیٹ نہیں ہے کہ ایسی صورتحال میں سفر کرسکیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کوبتایا کہ گورنر نے کہا ہے کہ تین بجے وزیراعلیٰ علی امین کو استعفیٰ کی تصدیق کیلئے بلایا ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا وہ نئے وزیراعلیٰ سے حلف لینگے، یہ بتائیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کوبتایا کہ گورنر آجائیں تو پھر وہ اس حوالے سے بتائینگے یہ بات گورنر کے وکیل عامر جاوید بہتر بتا سکتے ہیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی کے وکیل عامر جاوید نے عدالت کوبتایا کہ گورنر آج پشاور واپس آئیں گے تو قانون کے مطابق اس کو دیکھیں گے، چیف جسٹس نے کہا کہ ا سپیکر نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا شیڈول جاری کیا، پھر وزیراعلیٰ کیلئے ممبران نے کاغذات جمع کئے۔ سلمان اکرم راجہ نےعدالت کوبتایا گیا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ممبران نے بھی کاغذات جمع کئے۔ گورنر کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ وزیراعلی ٰکا استعفیٰ ابھی تک گورنر نے منظور نہیں کیا۔