کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ٹریفک حادثات میں دو کم عمر لڑکوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا ،تفصیلات کے مطابق کورنگی 5 نمبر میں تیز رفتار کوسٹر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 14 سالہ مدثر ولد فہیم اور 13 سالہ ایان ولد اشرف جاں بحق جبکہ 16 سالہ رافع ولد خالد زخمی ہوگیا ،پولیس نے بتایا کہ شہریوں نے کوسٹر ڈرائیور عبدالستار کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا، متوفین لانڈھی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں،لواحقین نے جناح اسپتال میں بتایا کہ بچے بغیر بتائے گھر سے موٹر سائیکل لے کر نکلے تھے ،جاں بحق مدثر تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا جبکہ موٹر سائیکل چلانے والا ایان پانچ بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر تھا ، دونوں بچے قرآن کریم حفظ کررہے تھے،پولیس کا دعویٰ ہے کہ حادثے کے ذمہ دار کوسٹر ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہے،دریں اثنا ماڑی پور روڈ غلام عباس اسکول کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار 22 سالہ حبیب ولد جمیل حسن جاں بحق ہوگیا ،پولیس کے مطابق متوفی بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی ، معلوم ہوا ہے کہ متوفی ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق ہوا ہے تاہم واقعہ کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، سپر ہائی وے کاٹھور ٹول پلازہ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا،عمر 25 برس کے قریب تاہم فوری شناخت نہیں ہو سکی ہے۔