کراچی(اسٹاف رپورٹر)صدر عبداللہ ہارون روڈ سے کمسن دو بہنیں پر اسرارطور پر لاپتا ہو گئیں ،پولیس نے اغوا کا مقدمہ والد کی مدعیت میں اسکول ٹیچر کے خلاف درج کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پریڈی تھانے کی حدود صدر عبداللہ ہارون روڈ سے دو بہنیں پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئیں،پولیس نے لڑکیوں کے اغوا کا مقدمہ والد محمد عظیم اختر کی مدعیت میں اسکول ٹیچر کے خلاف درج کرلیا ہے مدعی محمد عظیم اختر نے بتایا کہ میری بیٹیاں 15 سالہ آمنہ اور 7 سالہ عائشہ 11 اکتوبر کو گھر کے قریب ایک خاتون سے قرآن پاک پڑھنے گئی تھیں، واپس نہ لوٹنے پر استانی سے پتا کیا تو معلوم ہوا کہ انہوں نے بچیوں کو چھٹی دے دی تھی،مزید معلومات کرنے پر پتا چلا کہ بچیوں کا اسکول ٹیچر سلطان اپنی گاڑی میں ساتھ لے گیا ہے ،میری بچیاں ہجرت کالونی کے حیدری ماڈل اسکول کی طالبہ ہیں،سلطان بھی حیدری ماڈل اسکول کا ٹیچر ہے اور اسکول وین کے بجائے اکثر بیٹیوں کو گاڑی میں گھر چھوڑنے آتا تھا،مدعی کے مطابق ٹیچر سلطان میری بچیوں کو مہنگےتحائف بھی دیا کرتا تھا ،آمنہ کلاس ششم اور عائشہ دوسری جماعت کی طالبہ ہے،بچیوں کے لاپتہ ہونے کے بعد سے اسکول ٹیچر سلطان کا موبائل فون نمبر بند ہے،پولیس نے بتایا کہ واقعہ مبینہ طور پر پسند کی شادی کا معلوم ہوتا ہے، پولیس نے بتایا کہ آمنہ کی سہیلوں سے بھی پوچھ گچھ کی ہے واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔