کراچی (آئی این پی ) سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کی نیپرا کیخلاف تمام درخواستیں ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کر دیں۔ سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا کے خلاف دائر مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کے الیکٹرک کی تمام درخواستیں ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کر دیں۔ بزنس پلان طلب بھی کر لیا۔ سماعت کے دوران وکیل کے الیکٹرک نے موقف اختیار کیا کہ نیپرا نے 2024سے 2030تک کے لئے ٹیرف اور ملٹی ایئر ٹیرف کا تعین کیا تھا، جس کے خلاف وزارتِ توانائی نے نیپرا کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کی۔وکیل کا کہنا تھا کہ نیپرا نے وزارتِ توانائی کی نظرثانی درخواست کو اپیل میں تبدیل کر دیا اور اس پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وزارتِ توانائی وفاقی کابینہ کی اجازت کے بغیر اپیل دائر نہیں کر سکتی، جبکہ نیپرا کو نظرثانی کی درخواست کو اپیل میں تبدیل کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔کے الیکٹرک کے وکیل نے مزید کہا کہ نیپرا کی جانب سے درخواست کو اپیل میں تبدیل کرنے کا حکم نامہ بھی فراہم نہیں کیا گیا، اور ادارے نے کمپنی کے اعتراضات پر فیصلہ نہیں سنایا۔