کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں امرائے اضلاع کا اہم اجلاس ہوا، جس میں شہر بھر سے ضلعی امرا نے شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیمی، دعوتی اور تحریکی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ ضلع کی سطح پر عوامی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی تاکہ عوامی مسائل کو منظم انداز میں اجاگر کیا جا سکے اور شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کے لیے مؤثر جدوجہد کی جا سکے۔ اسی طرح ممبرز کنونشنز کے انعقاد، دعوت کے کام میں مزید توسیع، اور دعوتی سرگرمیوں کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا سلوگن ʼʼبدل دو نظامʼʼ اس عزم کی علامت ہے کہ اب ملک میں ظالمانہ، کرپٹ اور ناکام نظام کو تبدیل کر کے ایک عادلانہ اور اسلامی نظام نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اجتماع عام کی تیاریوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، عوام سے رابطے بڑھائیں اور اس پیغام کو ہر گھر تک پہنچائیں کہ جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی کی امید ہے۔جماعت اسلامی عوامی خدمت، اسلامی نظام کے نفاذ اور عدل و انصاف کے قیام کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔ کراچی کے ہر ضلع میں تنظیمی نیٹ ورک کو فعال بنایا جائے گا تاکہ عوامی رابطہ مہم مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکے۔