• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سالانہ ہیجڑا فیسٹیول 25 اکتوبر کو کراچی میں ہوگا، خواجہ سرا کمیونٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی خواجہ سرا کمیونٹی نے اعلان کیا ہے کہ سالانہ ہیجڑا فیسٹیول 25اکتوبر ہفتہ کو کراچی میں منعقد ہوگا، جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے خواجہ سرا افراد بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ یہ اعلان کامی چوہدری، ڈاکٹر سارہ گِل اور دیگر ٹرانس جینڈر ایکٹوسٹ پر مشتمل ہیجڑا فیسٹیول کی آرگنائیزنگ کمیٹی نے ہفتے کو کراچی پریس کلب میں منعقد پریس کانفرنس میں کیا۔ کامی چوہدری اور ڈاکٹر سارہ گِل نے بتایا کہ تیسرا سالانہ ہیجڑا فیسٹیول کراچی کے برنس گارڈن میں 25اکتوبر2025بروز ہفتہ (دوپہر 2بجے) کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال خواجہ سرا کمیونٹی نے اپنے فیسٹیول کا تھیم ماحولیات کے تحفظ سے منسوب کیا ہے: "ہم کھڑے ہیں اپنی شناخت، وقار، آزادی اور اپنی زمین کے لئے-" انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیات کی تباہ کاریوں سے خواجہ سرا کمیونٹی بھی متاثر ہوتی ہے۔ لہذیٰ، خواجہ سرا کمیونٹی بھی ماحولیات کے تحفظ کی جدوجہد میں پوری قوم اور پوری دنیا کے ساتھ کھڑی ہے۔ ٹرانس جینڈر ایکٹوسٹس نے کہا کہ ہیجڑا فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد خواجہ سرا کمیونٹی کو خوشیوں کا ایک دن میسر کرنے کے ساتھ ساتھ خواجہ سرا کمیونٹی کے مقاصد (کاز) کو اجاگر کرنا بھی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیسٹیول کسی کے بھی خلاف نہیں ہے۔ انہوں نے ماضی کی طرح اس سال بھی ہیجڑا فیسٹیول کے انعقاد کے لئے بھرپور تعاون پر بلدیہ اعظمیٰ، کراچی انتظامیہ، سندھ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید