کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست ارکان اسمبلی نے کراچی کے مختلف علاقوں خصوصاً شاہ فیصل میں ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی قبضوں اور کمرشل سرگرمیوں کے انکشاف پر سخت اور شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی بھر میں سرکاری پارکس میں کمرشل سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے، خاص طور پر خواتین پارک شاہ فیصل ٹاؤن کو فوری طور پر اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے، اور اس غیر قانونی اقدام میں ملوث ٹاؤن چیئرمین سمیت تمام انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ حق پرست اراکین اسمبلی نے کہا کہ انتظامیہ کی ملی بھگت سے شاہ فیصل میں واقع صہبا اختر پارک اور قائد پارک کو ناجائز طور پر کمرشل مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ خواتین کے لئے مخصوص پارک کو مکمل طور پر مٹا کر وہاں دکانیں تعمیر کرکے فروخت کی جا رہی ہیں۔اراکین اسمبلی نے کے اس اقدام کو نہ صرف غیر قانونی اور عوام دشمنی پر مبنی قرار دیا بلکہ کہا کہ یہ ایک منظم سازش ہے جس کے ذریعے شہریوں کو ان کے جائز حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، شہر میں پہلے ہی خواتین اور بچوں کے لئے مخصوص تفریحی مقامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بچا کُھچا انفرا اسٹرکچر بھی کرپٹ اور مفاد پرست عناصر کی نذر ہو گیا تو کراچی کے شہریوں کے لئے سانس لینا مشکل ہو جائے گا۔ خواتین پارک کی جگہ دکانیں بنانا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ مقامی انتظامیہ اور ٹاؤن چیئرمین ذاتی مفادات کے لئے عوامی زمینوں کا سوداگر بن چکے ہیں۔