کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ بھارت حالیہ جنگ میں اپنی ناکامی کا بدلہ لینے کے لئے افغانستان کو استعمال کررہا ہے، ملک اس وقت نازک ترین حالات سے دوچار ہے ،افغانستان اور بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف نبرد آزما ہیں، ایسے میں ملک کو بہت زیادہ یک جہتی کی ضرورت ہے، افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس میں کے پی کے وزیر اعلیٰ کی عدم شرکت صوبے میں امن کے حوالے سے صوبائی حکومت کی ملک مخالف پالیسی کی جانب اشارہ ہے،افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر دہشت گرد حملوں اور افغانوں کے ان حملوں میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں جن کے پیچھے بھارت ہے جو حالیہ جنگ میں اپنی ناکامی کا بدلہ لینے کے لئے افغانستان کو استعمال کررہا ہے،افغانستان کا پاکستان پر حالیہ حملہ اور خوارج کی پاکستان میں در اندازی کی کوششوں کا ساتھ دینا تشویشناک امر ہے۔ پاکستان نے افغان مہاجرین کو پاکستان میں تمام سہولت فراہم کی ، مگر اب افغانستان ان احسانات کے بدلے میں پاکستان کو تباہ کرنے کی کوشش کررہا ہے ، پاکستانی قوم کسی بھی صورت میں اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، وہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔