کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کسان بورڈ سندھ کی جانب سے دھان کی قیمتوں میں کمی کرنے اورناجائز کٹوتی کے خلاف 19اکتوبر اتوار کو سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے جائیں گے۔ کسان بورڈ سندھ کے صدر عبدالقدوس احمدانی نے کسانوں اور سیاسی و سماجی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اتوار کو پریس کلب سے ڈی سی آفس تک ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور دھرنے میں بھرپور شرکت کریں اور سرمایہ داروں کی جانب سے مظلوموں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو خاموش تماشائی بننے کی بجائے سندھ کے کسانوں کے معاشی قتل کا سخت نوٹس لینا چاہئے۔ کسانوں کے مسلسل احتجاج کے باوجود سندھ حکومت کی بے حسی افسوسناک ہے۔