پشاور (این این آئی)سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں مغل کوٹ سیکٹر میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 2 خوارج دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔ ہلاک خارجی طارق کچھی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کیلئے سہولت کار تھا، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن میں فتنہ الخوارج کے طارق کچھی گروپ کی تشکیل کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے سرغنہ طارق کچھی اور حکیم اللہ عرف ٹائیگر کو ہلاک کیا گیا۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ فتنہ الخوارج کے ہلاک دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق خارجی طارق کچھی کی تشکیل پچھلے 2 سال سے دہشت گردانہ کارروائیوں میں متحرک تھی، خارجی طارق کچھی کی دہشت گرد تشکیل فتنہ الخوارج طالبان کیلئے بھتہ خوری میں بھی ملوث تھی۔خوارج طارق کچھی دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کے لیے سہولت کار تھا۔