کراچی(اسٹاف رپورٹر) کالعدم تحریک طالبان کا نام استعمال کرکے شہر میں بھتہ خوری کرنے والے 2 ملزمان کو اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے مبینہ مقابلہ کے بعدزخمی حالت میں گرفتار کرلیا ،تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے مبینہ طور پر ملیر سٹی کے علاقے تھنڈو نالو پل کے قریب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کے دوران چھپے ہوئے دہشتگردوں نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا،ایس آئی یو حکام کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار دہشت گردوں کی شناخت خالد اور عادل کے ناموں سے ہوئی ہے ،ملزمان کالعدم تحریک طالبان کا نام استعمال کرکے مختلف لوگوں سے بھتہ وصول کرتے تھے ،جبکہ ایک ملزم کے خلاف تھانہ شاہ فیصل کالونی میں بھتہ کا مقدمہ درج ہے،ایس آئی یو حکام کاکہنا ہےکہ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل پر بھی گولیاں لگیں تاہم اہلکار محفوظ رہے، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی، زخمی ملزمان کو علاج معالجہ کے لئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔