کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شہر میں فاسٹ فوڈ سینٹرز اور بریانی سینٹرز کو مبینہ طور پر مردہ مرغیوں کے گوشت کی سپلائی کا انکشاف ہوا ہے۔ گلبرگ پولیس نے موسیٰ کالونی میں چھاپہ مار کارروائی میں دو ملزمان کو کر کے گرفتار 80 کلو گوشت قبضے میں لے کر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں انور عرف علی بنگالی اور کمال شامل ہیں۔پولیس نے سرکار کی مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔چھاپہ مار کارروائی فیڈرل بی ایریا موسیٰ کالونی میں ریلوے پھاٹک کے قریب واقع گودام میں کی گئی۔پولیس کے مطابق اطلاع ملی کہ ایک گودام میں مردہ مرغیوں کا گوشت موجود ہے اور ملزمان مردار گوشت کی ترسیل کی تیاری کر رہے ہیں۔پولیس نے فوری سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی کو اطلاع دی ۔پولیس نے بتایا کہ گودام پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں سے بڑی تعداد میں ثابت مردہ مرغیاں اور گوشت ملا۔پولیس کی اطلاع پر سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی افسر بھی پہنچ پہنچے۔پولیس کے مطابق گودام سے 80 کلو گوشت قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ایک کلو گوشت لبارٹری معائنے کے لیئے سیل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان مردار گوشت مبینہ طور پر شہر کے بعض فاسٹ فوڈ سینٹرز، بریانی سینٹرز اور ہوٹلوں کو فراہم کرتے تھے۔مردار گوشت کی فروخت کب سے جاری تھی اور اس کہاں کہاں سپلائی کیا جا رہا تھا اس حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔