اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چینی راکٹ لیجیان- 1کے ذریعے پاکستان کے سیٹلائیٹ کے زمین کے مدار میں کامیابی سے بھیجے جانے پر پاکستانی خلائی سائن سدانوں و انجینئرز کی پذ یرائی کی ہے۔ ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کا باقی شعبوں کی طرح خلائی تحقیق میں تعاون مثالی اور کلیدی اہمیت کا حامل ہے،اس مثالی تعاون کیلئے اپنے عظیم و دیرینہ دوست اور اسٹریٹجک شراکت دار چین کے مشکور ہیں، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی بھی سائنسدانوں، انجینئرز اور قوم کو مبارکباد دی ہے ، شہباز شریف نے کہا کہ خلاء میں بھیجا جانے والا سیٹلائیٹ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں اور جغرفیائی تغیر کے بارے میں تحقیق میں مددگار ثابت ہوگا،موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے مقابلہ کرنے میں یہ پیشرفت ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی،سیٹلائٹ سے زراعت، ماحولیاتی نگرانی، شہری منصوبہ بندی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ جیسے شعبوں میں قومی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ادھر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی پاکستان کے پہلے ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ ’’ ایچ ایس ون‘‘ کی خلا میں کامیاب روانگی پر سپارکو کے سائنسدانوں، انجینئرز اور قوم کو مبارکباد دی ہے ۔