• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سیف سٹی منصوبے میں توسیع کی منظوری، 1750 کیمرے اپ گریڈ ہونگے

کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی سیف سٹی منصوبے میں توسیع کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ 1,750موجودہ کیمروں کو اپ گریڈ کیا جائے گا، ای چالان نظام کیلئے آئی ٹی ایس سمیت 3,000نئے کیمرے بھی شامل ہوں گے،پہلا مرحلہ 30نومبر 2025تک مکمل کرلیا جائیگا، سیف سٹی منصوبہ محض ایک نگرانی کا منصوبہ نہیں بلکہ شہری سلامتی اور انتظام کا ایک جامع نظام ہے جو پولیسنگ اور ایمرجنسی رسپانس کو جدید خطوط پر استوار کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کوسید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلی ہاؤس میں کراچی سیف سٹی منصوبے (فیز ون)کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیرداخلہ ضیا الحسن لنجار، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ ، سیکرٹری داخلہ اقبال میمن، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نجم شاہ، سیکرٹری وزیراعلی رحیم شیخ، ڈی جی سیف سٹی اتھارٹی آصف اعجاز شیخ اور دیگر نے شرکت کی ،وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سیف سٹی منصوبے کی توسیع کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اس عوامی تحفظ کے اہم منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے اس کے نفاذ کی رفتار میں نمایاں تیزی لائیں۔وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے وزیراعلی کو بتایا کہ اس وقت 12 ایمرجنسی ریسپانس وہیکلز(ای آر ویز)فیلڈ میں تعینات ہیں جو کمانڈ سینٹر سے منسلک ہیں تاکہ زمینی سطح پر فوری ردعمل کو ممکن بنایا جا سکے۔وزیراعلی نے سیف سٹی اتھارٹی کو ہدایت دی کہ وہ ڈیٹا کی بلا رکاوٹ ترسیل کے لئے نیٹ ورک کنیکٹیویٹی تیار کرے اور نادرا، پولیس اور گاڑیوں کی رجسٹریشن جیسے مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈیٹا بیس کو ضم کرے تاکہ اسمارٹ پولیسنگ کو فروغ دیا جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید