• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلح ڈاکو فارم کے عملے کو یرغمال بنا کر 46 بکرے اور بکریاں لے اڑے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی اے سوسائٹی لنک روڈ کے قریب فارم پر مسلح ڈاکو عملے کو یرغمال بنا کر بھاری مالیت کے 46 بکرے اور بکریاں چھین کر فرار ہوگئے،فارم ہاؤس کے مالک شیخ علی نے بتایا کہ واردات 20 اکتوبر کی شب تقریباً ساڑھے گیارہ بجے پیش آئی جس میں ڈاکوؤں کی تعداد 8 سے 10 کے قریب تھی ، ڈاکو اپنے ہمراہ ایک ٹرک بھی لائے تھے،ڈاکوؤں نے فارم پر موجود تمام عملے کو یرغمال بنا کر انھیں باندھ دیا اور 45 منٹ میں واردات مکمل کر کے فارم میں موجود بکریاں اور بکرے ٹرک میں بھر کر موقع سے فرار ہوگئے، ڈاکوؤں نے فارم میں نصب کلوز سرکٹ کیمرے اور ڈی وی آر سسٹم کو بھی توڑ دیا تاکہ ان کی شناخت نہ ہو سکے، ڈاکوؤں کے فرار ہونے کے بعد واقعہ کی اطلاع مدد گار 15 پولیس کو دی گئی ، موقع پر پہنچ کر معلومات حاصل کر کے لنک روڈ ٹول پلازہ سے مبینہ طور پر واردات میں استعمال کیے جانے والے ٹرک کی تصاویر اور رجسٹریشن نمبر حاصل کرلیا جبکہ فارم کے مالک نے یہ بھی بتایا کہ ڈاکوؤں کے ساتھ ایک کار بھی تھی اور اس کی تصویر بھی ٹول پلازہ کے کیمروں میں آئی ہے جو کہ پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں،اسٹیل ٹاؤن پولیس نے فارم کے مینجر انور خاصخیلی کی مدعیت میں نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف فارم سے 18 بکریاں اور 28 بکروں کے علاوہ ملازمین سے موبائل فون چھین کر لے جانے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید