• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وائٹ ہاؤس غزہ امن معاہدہ بچانے کیلئے سرگرم، نیتن یاہو پر خدشات

کراچی (رفیق مانگٹ) امریکا غزہ میں امن معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے سرگرم ہے، نیتن یاہو پر خدشات،ٹرمپ انتظامیہ نیتن یاہو کو حماس کے خلاف بڑا حملہ کرنے سے روکے گی ، 59 ممالک نے معاہدے کی حمایت کی، نفاذ بین الاقوامی قوتوں کے ہاتھ میں ۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے بارے میں فکرمند ہیں۔ انہیں ڈر ہے کہ نیتن اس معاہدے کو توڑ سکتے ہیں، جو امریکاکی ثالثی سے طے پایا تھا۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس اسرائیل روانہ ہوئے۔ وینس کا یہ دورہ ٹرمپ انتظامیہ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ اس معاہدے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر غزہ میں تشدد جاری رہا تو وہ اسرائیل کو حماس کے خلاف سخت کارروائی کی اجازت دیں گے۔ انہوں نے کہا،ہم نے حماس کے ساتھ معاہدہ کیا کہ وہ اچھا برتاؤ کریں گے۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو ہم اسرائیل کو انہیں ختم کرنے کی اجازت دیں گے۔ اخبار کے مطابق کئی امریکی حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں خدشہ ہے کہ نیتن یاہو اس معاہدے کو ختم کر سکتے ہیں۔ اس لیے اب وینس، وٹکاف اور کشنر کی حکمت عملی یہ ہے کہ نیتن یاہو کو حماس کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے سے روکا جائے۔اسرائیل اور حماس دونوں نے ایک دوسرے پر جنگ بندی توڑنے کا الزام لگایا ہے۔ لیکن دونوں فریقوں نے کہا کہ وہ اس معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق، صدر ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ حماس کے رہنما نیک نیتی سے مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ فوجیوں پر حملہ حماس کے ایک چھوٹے گروپ نے کیا، جو قیادت کی نمائندگی نہیں کرتا۔ٹرمپ نے غزہ کی صورتحال کو حماس کے اندر بغاوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ حماس جنگجو بہت جوشیلےہو گئے ہیں۔ لیکن اگر تشدد جاری رہا تو امریکہ اسرائیل کو حماس کو ختم کرنے کی اجازت دے گا۔
اہم خبریں سے مزید