• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدارس و مساجد کے امور میں حکومت کوئی دخل نہیں دے گی، وزیر داخلہ کی علمائے اہلسنت کو یقین دہانی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ نےکہا ہے کہ مدارس اور مساجد کے امور میں حکومت کوئی دخل اندازی نہیں کرگی۔یہ یقین دہانی انہوں نے مفتی منیب الرحمٰن کی زیر قیادت اہلسنت علمائے کرام کے وفد سے ملاقات میں کروائی۔ ملاقات میں سانحۂ مرید کے اور اس کے بعد رونما ہونے والے واقعات ومسائل پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری اورخالد مقبول صدیقی کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک جس بھنور میں ہے اس سے اکٹھے ہوکر ہی نکلا جاسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی کی مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمٰن کی رہائش گاہ پہنچ کر ممتاز علمائے اہلسنّت سے ملاقات کی، ان کے ہمراہ صوبائی وزراءسیدناصرحسین شاہ اور شرجیل انعام میمن بھی تھے۔جبکہ علماء میں علامہ سید مظفر شاہ قادری ،مفتی عابد مبارک، علامہ لیاقت حسین اظہری، علامہ ریحان امجد نعمانی،مفتی رفیع الرحمٰن نورانی ،علامہ اشرف گورمانی اور علامہ احمد ربانی شامل تھے۔ ملاقات میں سانحۂ مرید کے اور اس کے بعد رونما ہونے والے واقعات ومسائل پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ علماء نے متعدد مسائل پر اپنا موقف پیش کیا، وزیر داخلہ نے ٹھنڈے دل سے علماء کے موقف کو سنا اور تمام مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا اور طے کیا کہ اس کیلئے ایک تفصیلی نشست اسلام آباد میں منعقد ہوگی اور تمام جائز مسائل کو حل کیا جائے گا، انھوں نے یقین دلایا کہ مدارس ومساجدِ اہلسنّت کے امور میں حکومت قطعاً کوئی دخل نہیں دیگی اور متاثرین،مجروحین اور شہداء کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں گی تاکہ متاثرہ خاندانوں کی پریشانیوں کا ازالہ ہو۔ انھوں نے یقین دلایا کہ ایک فوکل پرسن فریقین کے درمیان رابطے کیلئے ہر وقت دستیاب ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منگل کو گورنر ہاوس میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں ایم کیوایم پاکستان کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار اور امین الحق بھی موجود تھے۔
اہم خبریں سے مزید