• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغان حالات معمول پر لانے کیلئے ہم نے اہم کردار ادا کیا، چینی قونصل جنرل لاہور

لاہور(آصف محمود بٹ ) لاہور میں تعینات چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالات معمول پر لانے کے لئے چین نے اہم کردار ادا کیا۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی اور امن دیرپا ہو۔ ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے چینی قونصل جنرل نے کہا نے کہا کہ افغانستان سی پیک کا ایک اہم حصہ ہے جہاں سے اس کا دائرہ کار وسطی ایشائی ریاستوں تک وسیع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ سی پیک کے ذریعے خطے کی ترقی میں افغانستان ساتھ دے گا۔ ژاؤ شیرین نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان دونوں ہمسایہ ملک ہیں ۔ چینی قونصل جنرل نے کہا چین کا موقف ہمیشہ سے بہت واضح ہے کہ کسی ملک کی سرزمین دوسرے ملک میں دہشت گردی کے لئے کسی صورت استعمال نہیں ہونی چاہئیے۔ عوامی جمہوریہ چین کے 76ویں یومِ تاسیس اور چینی قونصل جنرل اسکالرشپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے پاکستان کے ساتھ چین کی "آہنی بھائی چارے" کی دوستی کو ایک مثالی اور پائیدار تعلق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان رشتہ اعتماد، تعاون اور مشترکہ ترقی کی بنیاد پر استوار ہے اور وقت کے ہر امتحان پر پورا اترا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان قابلِ اعتماد ہمسائے، مثالی شراکت دار اور سچے بھائی ہیں۔چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران دونوں ممالک نے عالمی حالات کی تبدیلیوں کے باوجود ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ قراقرم کی برف پوش چوٹیوں سے گوادر کی مصروف بندرگاہ تک، دفاعی پیداوار سے لے کر ثقافتی تبادلوں تک، پاک چین دوستی ایک ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری میں ڈھل چکی ہے۔ چینی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے اس تعلق کو مزید مضبوط کیا ہے جو نہ صرف اقتصادی تعاون بلکہ ایک ایسے مشترکہ مستقبل کی راہ ہموار کر رہا ہے جو دونوں اقوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنے گا۔قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا کہ پاک چین دوستی ایک روشن مینار کی مانند ہے جو نہ صرف دونوں عوام کے لیے امید اور استحکام کا پیغام ہے بلکہ پورے خطے میں امن و ترقی کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے ہمیشہ ایک دوسرے کا مشکل وقتوں میں ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ایسا کرتے رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ چین میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (CPC) کی بیسویں مرکزی کمیٹی کا چوتھا مکمل اجلاس جاری ہے، جس میں پندرہویں پانچ سالہ منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید