کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر دو سال سے جبری مشقت کے لئے جاگیر دار کی نجی جیل میں رکھے گئے ایک ہی خاندان کے 25 افراد کو بازیاب کروا لیا گیا، پولیس نے عملدرآمد رپورٹ جسٹس حسن اکبر کی عدالت میں پیش کردی، رپورٹ کے مطابق تمام یرغمال افراد کو جاگیر دار علی اصغر جمالی کی زمین میں قائم نجی جیل سے بازیاب کروایا گیا ہے، پولیس نے جبری مشقت کے لئے بنائے گئے قیدیوں کی رہا ئی کے لئے ڈسٹرکٹ بے نظیر آباد میں کارروائی کی، یرغمالیوں کو جبری مشقت کے لئے 2 سال سے قید میں رکھا ہوا تھا، جسٹس حسن اکبر نے دونوں اضلاع کی پولیس کی کارکردگی کو سراہا، عدالت نے پولیس حکام کو 3 دن میں عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ بازیاب ہونے والوں میں 2 ماہ کا بچہ بھی شامل ہے، یرغمالیوں کے رشتے دار نے بازیابی کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔