اسلام آباد(طاہر خلیل) وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم جماعت قرار دیتے ہوئے فرسٹ شیڈول کی فہرست میں شامل کردیا۔ وزرات داخلہ نے ٹی ایل پی کو کالعدم جماعت قرار دے دیا، جس کے بعد ٹی ایل پی کو فرسٹ شیڈول کی فہرست میں شامل کردیا گیا ہے۔حکومت کی جانب سے ٹی ایل پی پر پابندی کے حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیاہے، ٹی ایل پی کو انسداد دہشت گردی کے ایکٹ کے تحت کالعدم قرا ر دینے کے بعد سپریم کورٹ میں ریفرنس بھیجنے کی ضرورت نہیں ، جس کے تحت کالعدم تنظیم پر سرگرمیاں کرنے پر پابندی ہوگی۔وزارت داخلہ کے مطابق ٹی ایل پی کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد اب وزارت داخلہ کی رپورٹ وزرات قانون کو بھجوائی جائے گی۔ وزرات قانون ریفرنس تیار کر کے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی۔ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے ٹی ایل پی پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی۔