• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمشنر کے احکامات نظر انداز، پابندی کے باوجود ہیوی ٹریفک کراچی میں رواں دواں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹرانسپورٹرز نے کمشنرکراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے۔شہر میں ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت پر پابندی کے باوجود بھاری گاڑیاں بدستور کراچی کی سڑکوں پر رواں دواں ہیں، جنہیں روکنے کے لیے ٹریفک پولیس سمیت کو ئی متعلقہ ادارہ تیار نہیں۔تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نے دفعہ 144کے تحت شہر میں ہیوی ٹریفک کی آمد ورفت پر 2ماہ کیلئے پابندی عائد کی ہے، جس کا اطلاق ہفتہ18اکتوبر سے 17 دسمبر2025ءتک رہےگا، مگر کمشنر کے اس حکم پر ایک دن بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا اور ہفتے سے ہی کراچی میں بھاری گاڑیوں کی نقل وحرکت بدستور جاری ہے ، جب کہ ٹریفک پولیس محض خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ شہر میں ہیوی ٹریفک کی آمد ورفت کے باعث سب سے زیادہ متاثر ضلع وسطی، غربی اور ضلع کیماڑی کے باشندے ہوتے ہیں، جہاں مقررہ وقت رات 10بجے سے پہلے ہی بندرگاہ سے آنے والی بھاری گاڑیاں نیٹی جیٹی پل، ماڑی پور روڈ ، سائٹ ایریا، ناظم آباد پٹرول پمپ، لیاقت آباد نمبر 10، فیڈرل بی ایریا، شاہراہ پاکستان اور سہراب گوٹھ سے گزرتی ہوئی موٹر وے، ایم نائین پر چلی جاتی ہیں، جب کہ سہراب گوٹھ سے شہر میں داخل ہونے والا ہیوی ٹریفک مذکورہ راستے سے ہوتا ہوا بندر گاہ تک جاتا ہے۔ اس دوران بھاری گاڑیاں متعلقہ سڑکوں کے تمام ٹریک گھیر کر چلتی ہیں اور کسی چھوٹی گاڑی کو گزرنےکا راستہ نہیں دیتیں، جس کے سبب اکثر و بیشتر جان لیوا ٹریفک حاثات ہونے کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر ٹریفک جام بھی ہوجاتا ہے اور نتیجتاً امن و امان کی صورت حال بھی خراب ہوجاتی ہے، لیکن متعلقہ حکام سنجیدگی سے اس صورت حال کے تدارک کے لیے کوئی حل نہیں نکال پارہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمشنر کراچی اپنے احکامات پر عمل کروانے کے ساتھ ساتھ شہر میں ہیوی ٹریفک کی نقل وحرکت کے لیے سابقہ اوقات یعنی رات 11سے صبح 6بجے تک بحال کریں تاکہ شہری نسبتاً محفوظ رہ کرکراچی کی سڑکوں پر سفر کرسکیں۔
اہم خبریں سے مزید