5 سال بعد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطے کی بحالی عمل میں آ گئی۔
قومی ایئر لائن پی آئی اے کی اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پہلی براہِ راست پرواز آج (ہفتے کو) مانچسٹر ایئرپورٹ پر اُترے گی۔
یہ اقدام جولائی میں حفاظتی وجوہات کی بنا پر عائد پابندی کے خاتمے کے بعد ممکن ہوا ہے۔
ایئر لائن کے حکام نے اس پیش رفت کو ہزاروں مسافروں کے لیے زبردست فائدہ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق اس فیصلے سے ناصرف پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفر مزید آسان ہوگا بلکہ خاندانی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو بھی تقویت ملے گی۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے، جو ہماری ہوابازی کی حفاظت کے لیے غیر متزلزل وابستگی کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروازوں کی بحالی دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنائے گی اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے سہولت پیدا کرے گی۔
مانچسٹر ایئر پورٹ انتظامیہ نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں اور کاروباری طبقے کو براہِ راست رابطے کا فائدہ حاصل ہو گا۔
یاد رہے کہ 2020ء میں یورپی سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی پروازوں پر عارضی پابندی عائد کی تھی جو اب ہٹا لی گئی ہے۔
پابندی کے دوران پاکستانی مسافروں کو متبادل ایئرلائنز کے ذریعے طویل سفر کرنا پڑتا تھا۔
پی آئی اے کے مطابق ابتدائی طور پر ہفتے میں متعدد براہِ راست پروازیں اسلام آباد اور مانچسٹر کے درمیان چلائی جائیں گی، جنہیں مستقبل میں دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جا سکتی ہے۔