ملتان (سٹاف رپورٹر) روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن الدین عالم کے 712واں سالانہ تین روزہ عرس کی تقریبات 28 اکتوبر سے درگاہ میں شروع ہوں گی ، جو 30 اکتوبر تک جاری رہیں گی، محکمہ اوقاف ملتان نے عرس کے سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، اس حوالے سے زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف سید ایاز الحسن گیلانی نے کہا ہے کہ عرس انتظامات کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ فالو اپ میٹنگ مکمل کرلی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر ملتان نے تمام محکموں کو ان کے فرائض تفویض کر دئیے ہیں،انہوں نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لئے محکمہ اوقاف اور انتظامیہ کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کا نظام بھی فعال رہے گا، صفائی ستھرائی، روشنی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن اور واسا کے اہلکاروں اور 1122کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں، زائرین کے قیام و طعام کے لیے عارضی کیمپس، لنگر اور پینے کے پانی کے اسٹالز بھی قائم کیے جا رہے ہیں،اندرونِ سندھ سمیت پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر شہروں سے ہزاروں زائرین ملتان پہنچیں گے۔