ملتان (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے تمام محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ، اس حوالے سےڈپٹی کمشنر وسیم حامد کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈینگی کی تازہ صورتحال، فیلڈ سرگرمیوں اور کیسز کی تعداد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بدلتے موسم کے باعث ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے متعلقہ محکمے فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک رہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت، میونسپل کارپوریشن، ضلعی کونسل اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ حساس مقامات پر فوری سپرے کیا جائے اور لاروا کی افزائش روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں، غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، اگر ڈینگی کے کیسز میں کمی نہ آئی تو متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔