ملتان (سٹاف رپورٹر) نشتر ہسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹروں کی جانب سے مستحق مریضوں کے لیے مقررہ فارموں پر ادویات تجویز نہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام معالجین کو پابند کر دیا ہے کہ وہ پاکستان بیت المال، زکوٰة فنڈ اور پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے مریضوں کے لیے ادویات صرف متعین فارموں پر ہی تجویز کریں، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ ادویات حکومت کی منظور شدہ فنڈز سے فراہم کی جاتی ہیں، اس لیے تمام متعلقہ ڈاکٹروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ضرورت مند مریضوں کے لیے مقررہ پرفارماز پر ہی نسخے تحریر کریں تاکہ ان مریضوں کو سرکاری وسائل سے فراہم کردہ سہولتوں کا بھرپور فائدہ پہنچ سکے،حکم نامے کی نقول وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج، اے ایم ایس فارمیسی اور تمام شعبہ جات کے سربراہان کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔