کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت میں آسٹریلوی خواتین کرکٹرز بھی محفوظ نہ رہ سکیں، مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں دو خواتین کرکٹرز کو ہراساں کیا گیا ، مقدمہ درج، ملزم گرفتار، خواتین کرکٹرز کیفے کی طرف جارہی تھیں، ملزم نے ہراساں کیا، کرکٹرز خوفزدہ ہوٹل واپس آگئیں۔ تفصیلات کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں ایک شخص کی جانب سے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں شامل دو آسٹریلوی کھلاڑیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔پولیس نے اس معاملے میں آسٹریلیا کی ٹیم کے سکیورٹی آفیسر ڈینی سمنز کی شکایت پر مقدمہ درج کیا اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اندور کے ایڈیشنل ڈپٹی پولیس کمشنر (کرائم) راجیش ڈنڈوتیا کا کہنا ہےکہ ملزم کھجرانہ کا رہنے والا ہے اور اس نے دو آسٹریلوی کھلاڑیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اور پھر انھیں نامناسب طریقے سے چھونے کے بعد بھاگ گیا ۔ اس معاملے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پانچ تھانوں کی ایک ٹیم نے مشترکہ طور پر ملزم کو گرفتار کیا۔ خواتین کھلاڑی جا رہی تھیں تو موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص نے ان کا پیچھا کرتے ہوئے نازیبا ریمارکس دینے شروع کر دیے۔