• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی ہدایت پراسلام آباد سے جوئے کے اشتہارات ہٹا دیے گئے

اسلام آباد (قاسم عباسی)وزیر اعظم کی ہدایت پراسلام آباد سے جوئے کے اشتہارات ہٹا دیے گئے، پنجاب کو بھی احکامات جاری؛ غیر قانونی جوئے کے اشتہارات ہٹانے کا عمل ’دی نیوز‘ کی خبر پر شروع کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں بل بورڈز پر جوئے (بیٹنگ) کے اشتہارات کی نمائش کا نوٹس لے لیا اور اسلام آباد انتظامیہ کو انہیں فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کردی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو بھی ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اسی طرح کے اشتہارات پورے صوبے سے ہٹا دیے جائیں۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، حکام نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف جانے والی سڑک پر لگے جوئے کے ایک اشتہار کو ہٹا دیا۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے یہ کارروائی ’دی نیوز‘ میں ’’حکومتی پابندی کے باوجود جوئے کے اشتہارات اسلام آباد پہنچ گئے‘‘ کے عنوان سے خبر شائع ہونے کے ایک دن بعد عمل میں آئی، جس میں اس بات کو اجاگر کیا گیا تھا کہ حکومتی پابندی اور ایسی تشہیر کیخلاف ’’زیرو ٹالرنس‘‘ کی پالیسی کے باوجود بیٹنگ کمپنیوں کی پروموشنل مہمات وفاقی دارالحکومت میں ظاہر ہو چکیں۔
اہم خبریں سے مزید