کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں آ گ لگنے کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا سامان خاکسترہوگیا،آگ لگنے کے واقعات بلدیہ میں گودام ، فشری میں لانچ اوررزاق آباد کے قریب پولٹری فارم میں پیش آئے ،تفصیلات کے مطابق بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹاون خیبرچوک کے قریب گودام میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی اور آگ نے گودام میں کھڑی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ، فائربریگیڈ کے عملےنے موقع پرموجود شہریوں کی مدد سے گودام کی دیواریں توڑکرکئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد گودام میں لگی آگ پرقابو پالیا ، اس دوران گودام میں موجود 5 گاڑیاں ، ایک رکشا،گتا،کپڑا اور مشینوں سمیت بھاری مالیت کا سامان جل گیا،گودام کے مالک کے مطابق آگ صبح سات بجے کے قریب لگی اور دو گھنٹے کے بعد فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پرپہنچی ، فائربریگیڈ حکام کے مطابق گودام میں لگنےوالی آگ پرقابو پانے کے لیے 7 فائر ٹینڈراور2 باؤزر نے حصہ لیا، کیماڑی فشری مچھلی مارکیٹ کے قریب کھڑی لانچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی، اطلاع ملتے ہی کے ایم سی فائر بریگیڈ اورریسکیو1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور کچھ ہی دیرمیں لانچ میں لگنے والی آگ پرقابوپا لیا، اس دوران لانچ کوجذوی نقصان پہنچا جبکہ دیگرلانچوں کو جلنے سے بچالیا گیا،شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدودرزاق آباد کے قریب پولٹری فارم میں آچانک آگ بھڑک اٹھی ، فائربریگیڈ حکام کے مطابق آگ پولیٹری فارم کے ایک کمرے اورارد گرد موجود کچرے میں لگی تھی جسے بروقت بجھادیا گیا۔