کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران، 5 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکےاسلحہ و موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ، تفصیلات کے مطابق احسن آباد النور سوسائٹی میں مبینہ طور پر پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کا تبادلے میں ملزم طالب حسین کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ ساتھی فرار ہوگیا ، پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول گولیاں اور موٹرسائیکل برآمد کرلی، اورنگی ٹاؤن قصبہ کالونی میں مبینہ طور پر پولیس اور اسٹریٹ کریمنلز کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار دونوں مسلح ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا ، شناخت بہادر سعید اور بخشی رحمٰن کے ناموں سے ہوئی ، پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ ، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی جبکہ ملزمان کے زیر استعمال موٹرسائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی ہے، شرافی گوٹھ تھانہ کی حدود مرتضیٰ چورنگی پر پولیس اور اسٹریٹ کریمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس نے 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ، شناخت امجداورکاشف کے ناموں سے ہوئی ہے ، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے2 پستول برآمد کر لیے۔