کراچی (اسٹاف رپورٹر)رنچھوڑلائن میں واقع رہائشی اپارٹمنٹ میں گیس کے اخراج کے باعث دھماکے میں میاں بیوی اور2 بیٹیاں جھلس کرزخمی ہوگئیں،تفصیلات کے مطابق رنچھوڑ لائن گورنمنٹ اسکول کے قریب واقع پلازہ کی دوسری منزل کے فلیٹ میں گیس کے اخراج کے باعث دھماکے میں 2 کم عمر لڑکیوں سمیت 4افراد جھلس کرزخمی ہوگئے،پولیس اورریسکیو ادارے نے جھلس کر زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا، پولیس کے مطابق جھلس کرزخمی ہونے والوں میں 45 سالہ رضوان اس کی اہلیہ 42 سالہ نورین، بیٹیاں 14 سالہ مریم اور16 سالہ عائشہ شامل ہیں،رضوان 5 فیصد، اہلیہ 20 فیصد اوربیٹیاں 10 اور15 فیصد جھلس کر زخمی ہوئی ہیں ،ایس ایچ اوعید گاہ کے مطابق دھماکہ فلیٹ کے باورچی خانے میں ہوا،ممکنہ طورپر باورچی خانے میں چولہا اہلخانہ کی غفلت کے باعث کھلارہا اور صبح چولہا جلانے کے لیے ماچس جلائی تو دھماکہ ہو گیا ۔