• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں اکیلے نہیں، 24 کروڑ پاکستانی ساتھ کھڑے ہیں، صدر، وزیراعظم

اسلام آباد ( نیو زرپورٹر، نیوز رپورٹر ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد میں اکیلے نہیں بلکہ 24کروڑ پاکستانی پرعزم عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں، صدر زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ علاقے میں جاری سنگین اور منظم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرائے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خوف اورناانصافی کے سائے میں بھی کشمیریوں کی بہادری، جراتمندی، اور کسی دباؤ میں نہ آنے والی آزادی کی تڑپ کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے سری نگر میں داخل ہو کر نہ صرف بین الاقوامی قانون اور اخلاقی اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی بلکہ کشمیری عوام کی امنگوں کو بھی پامال کیا، جس کے نتیجے میں جدید تاریخ کے ایک سیاہ ترین باب کا آغاز ہوا، ہر سال اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منانے کا مقصد کشمیری عوام کی جرات مندانہ جدوجہد اور ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، جو اپنے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کے لیے ظلم و جبر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں، بھارتی بربریت کے باوجود کشمیریوں کا حوصلہ آج بھی بلند ہے۔
اہم خبریں سے مزید